بھٹکل 27 ڈسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل ساگر روڈ پرسرکاری بس اور آٹورکشہ کے درمیان ہوئی ٹکر میں آٹو پر سوار پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے دو کو نازک حالت میں منی پال اسپتال اور دیگر تین کو اُڈپی پرائیویٹ اسپتال شفٹ کیا گیا ہے۔
حادثہ بھٹکل ساگر روڈ پر کڈوین کٹہ کراس کے قریب منگل صبح 11:30 بجے پیش آیا۔بتایا گیا ہے کہ سرکاری بس، ڈپو سے بھٹکل بس اسٹائنڈ کی طرف آرہی تھی جبکہ آٹو رکشہ بھٹکل سے ہلیانی جارہا تھا ۔ پتہ چلا ہے کہ آٹو رکشہ کسی سواری کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کے دوران مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکراگیا۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے ضروری طبی امداد کے بعد آٹو رکشہ ڈرائیور جٹّا نائک اور مسافر جینتی پائی کو شدید زخمی حالت میں منی پال اسپتال جبکہ دیگر مسافررام چندرا، سومیا ستیش اور مہالکشمی کینی کو اُڈپی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔
